کمٹہ 15؍اگست (ایس او نیوز) کمٹہ سے قریب الوے ڈنڈے نامی مقام پر ندی کے اوپر سے گزرنے والی 11Kvبجلی کی لائن سے ماہی گیرکشتی کا مستول چھونے سے لگنے والے شاک میں کشتی کاملاح ہلاک ہوگیا ہے جبکہ دیگر 2ماہی گیر زخمی ہوگئے ہیں۔
ہلاک ہونے والے ماہی گیر کا نام ایشور نارائن ہری کنترا(۳۵ سال)اور زخمیوں کے نام نرسنگھا ہری کنترا اور گنیش ہری کنترا بتائے جاتے ہیں۔پتہ چلا ہے کہ کئی سال پہلے ندی کے اوپر سے گزاری گئی اس بجلی کی لائن کی دیکھ ریکھ صحیح طریقے پر نہیں ہونے کی وجہ سے وہ جھول کر بہت ہی نیچے کی طرف لٹکنے لگی تھی۔
پی ایس آئی ششی کمار کے مطابق ہلاک ہونے والے ماہی گیر کے رشتے دار ناگپّا ہری کنترا نے ہیسکام کے اسسٹنٹ انجینئر کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی ہے۔